اہم ترین

پاکستان پر مجموعی قرض کا حجم 81 ہزار 374 ارب روپے ہوگیا: وزارت خزانہ کی تفصیلات

سینیٹ اجلاس میں وزارت خزانہ نے پاکستان کے ملکی و غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات پیش کر دیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق دسمبر 2025 تک پاکستان کا مجموعی قرضہ 81 ہزار 374 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کا اندرون ملک سے حاصل کردہ قرضہ 55 ہزار 363 ارب روپے جبکہ غیر ملکی قرضہ 23 ہزار 166 ارب روپے ہے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف سے بھی 2 ہزار 845 ارب روپے قرض حاصل کیا ہے۔

وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2021 سے مالی سال 2026 تک حکومت نے قرضوں پر مجموعی طور پر 32 ہزار 239 ارب روپے سود ادا کیا۔

اسی عرصے کے دوران حکومت نے مجموعی طور پر ایک لاکھ 2 ہزار 780 ارب روپے قرض واپس کیا۔ یوں گزشتہ چند مالی سالوں کے دوران قرضوں کی ادائیگی اور ان پر سود کی مد میں بھاری رقم خرچ کی گئی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے سینیٹ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار میں ملکی قرضے، غیر ملکی قرضے، آئی ایم ایف سے حاصل کردہ رقم، قرضوں پر ادا کیے گئے سود اور قرضوں کی واپسی کی مجموعی صورتحال بیان کی گئی ہے۔

پاکستان