اہم ترین

فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسیز ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی سیاسی قیادت، عمائدین اور معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن، ترقی، قومی یکجہتی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، باہمت، محبِ وطن اور اپنی شناخت پر فخر کرنے والے لوگوں کی سرزمین ہے، جبکہ صوبے کے پاس انسانی اور قدرتی وسائل کی بھی کوئی کمی نہیں۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ واضح قومی بیانیہ، پائیدار امن اور استحکام بلوچستان کی حقیقی معاشی استعداد کو بروئے کار لانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور صوبے کے وسیع انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی عملی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت اور ملک کا انتہائی متحرک و امید افزا طبقہ ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان دشمن عناصر کے غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسیز ہیں، جن کا مقصد بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنا، صوبے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے غیر متزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل کے ذریعے ان مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

انہوں نے بلوچستان کے عمائدین، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور معاشرے کے مؤثر طبقات کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ امن کے فروغ، سماجی ہم آہنگی کے استحکام اور تعمیری قومی مکالمے کے فروغ میں اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دشمنانہ پروپیگنڈے کا جامع اور بلا تردد مقابلہ کیا جائے، جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کیا جائے اور بلوچستان اور اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔

ملاقات میں شریک عمائدین اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بلوچستان اور پاکستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے تمام غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والے خطرات کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔

شرکاء نے عوام مرکز ترقی کے فروغ کے ذریعے ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال بلوچستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ اور منفی پروپیگنڈے کے بجائے حقیقت، ترقی اور عوامی امنگوں کو قومی بیانیے کی بنیاد بنایا جائے گا۔

پاکستان