بھارتی اداکار یَش کی آنے والی ایکشن فلم ’ٹاکسک‘ نے ریلیز سے قبل ہی ایڈوانس بکنگ میں زبردست آغاز کردیا ہے۔ فلم 26 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی، جبکہ 21 اگست کی صبح 8 بجے شروع ہونے والی ایڈوانس بکنگ کے پہلے چند گھنٹوں میں ہی ہزاروں ٹکٹ فروخت ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق ایڈوانس بکنگ شروع ہونے کے صرف 6 گھنٹوں میں بھارت کی تین بڑی نیشنل سینما چینز پی وی آر، آئی نکس اور سینی پولس میں تقریباً 30 ہزار ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے۔
ابتدائی رجحان کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ’ٹاکسک‘ ریلیز کے پہلے روز صرف ہندی زبان میں 45 سے 50 کروڑ بھارتی روپے تک کا بزنس کرسکتی ہے۔ اگر یہ پیش گوئی درست ثابت ہوتی ہے تو فلم کو باکس آفس پر شاندار اوپننگ ملنے کی توقع ہے۔
غیر نیشنل سینما چینز کو بھی شامل کیا جائے تو ایڈوانس بک ہونے والے ٹکٹوں کی تعداد مزید بڑھ جاتی ہے۔ ساکنِلک کے مطابق جمعہ کی دوپہر 3 بجے تک ملک بھر میں فلم کے 84 ہزار 315 ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے، جن سے تقریباً 4.1 کروڑ بھارتی روپے کی آمدنی ہوئی۔ بلاک سیٹس کو شامل کرنے کے بعد یہ رقم تقریباً 9.19 کروڑ روپے تک پہنچ جاتی ہے۔
فلم کی ریلیز میں ابھی چار دن باقی ہیں، اس لیے توقع کی جا رہی ہے کہ ایڈوانس بکنگ میں مزید تیزی آسکتی ہے اور افتتاحی روز کی کمائی کے اندازے میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔
کئی زبانوں میں ریلیز
’ٹاکسک‘ کی ہدایت کاری گیتو موہن داس نے کی ہے۔ فلم میں یَش کے ساتھ ہما قریشی، نین تارا، تارا سوتاریا، رکمنی وسنت اور کیارا ایڈوانی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔
فلم کو کنڑ، تامل، تیلگو، ملیالم، ہندی اور انگریزی زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا، جس کے باعث اس کے وسیع پیمانے پر کاروبار کرنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
یَش کے مداحوں میں فلم کے حوالے سے خاصا جوش پایا جاتا ہے، کیونکہ 2022 میں ’کے جی ایف چیپٹر 2‘ کی کامیابی کے بعد وہ تقریباً چار سال بعد بڑے پردے پر نئی فلم کے ساتھ واپس آرہے ہیں۔
ایڈوانس بکنگ کے ابتدائی اعداد و شمار نے ’ٹاکسک‘ کے لیے ایک بڑے اوپننگ ڈے کی امید پیدا کردی ہے، تاہم باکس آفس کے حتمی ریکارڈ کا فیصلہ فلم کی ریلیز کے بعد ہی ہوگا۔










