اہم ترین

اب فلموں میں کام کرنا آسان نہیں رہا: ہیما مالنی

بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ اور بھارتی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی نے فلموں میں واپسی سے متعلق اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مصروفیات کے باعث اب فلموں میں کام کرنا کچھ مشکل ہو گیا ہے، تاہم اگر کوئی مضبوط اور معیاری کردار ملا تو اس پر ضرور غور کریں گی۔

ایک انٹرویو میں ہیما مالنی نے اپنے 60 سالہ فلمی سفر اور موجودہ مصروفیات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلم انڈسٹری کے اس دور کا حصہ رہیں جسے بالی ووڈ کا “سنہری دور” کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1970 اور 1980 کی دہائی میں انہیں بہترین فنکاروں، یادگار گیتوں اور اعلیٰ معیار کی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا، جسے آج کے دور سے براہِ راست موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

ہیما مالنی نے واضح کیا کہ وہ موجودہ فلمی دور کو برا نہیں کہتیں، تاہم ہر دور کی اپنی الگ پہچان ہوتی ہے اور سنہری دور بار بار نہیں آتا۔

فلموں میں واپسی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کی توجہ رقص کے پروگراموں اور بطور رکن پارلیمنٹ عوامی خدمت پر مرکوز ہے۔ ان کے مطابق وہ اپنے حلقے میں سڑکوں، فلائی اوورز اور دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کر رہی ہیں، جس سے انہیں دلی اطمینان حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی ذمہ داریوں کے باعث فلموں کے لیے وقت نکالنا آسان نہیں، لیکن اگر مستقبل میں کوئی اچھا اور منفرد کردار پیش کیا گیا تو وہ اس پر ضرور غور کریں گی۔

واضح رہے کہ ہیما مالنی آخری بار 2020 میں ریلیز ہونے والی فلم شملہ مرچ میں نظر آئی تھیں، جس میں راج کمار راؤ اور رکول پریت سنگھ نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے، جبکہ دھرمیندر نے فلم میں خصوصی شرکت کی تھی۔

پاکستان