لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ اور میزبان فضا علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ دن کے وقت دھوپ میں گاڑی چلانے سے گریز کرتی ہیں کیونکہ تیز سورج کی روشنی میں ان کی آنکھوں کا رنگ بدلنے لگتا ہے۔
فضا علی نے اپنے شوہر اعجاز خان کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنی نجی زندگی سے متعلق دلچسپ اور ذاتی باتیں شیئر کیں۔
پروگرام کے دوران میزبان نے جب اعجاز خان سے پوچھا کہ کیا فضا علی اچھی ڈرائیونگ کرتی ہیں، تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ اچھی ڈرائیور ہیں، لیکن گاڑی چلاتے ہوئے انہیں نیند آنے لگتی ہے۔
اس پر فضا علی نے وضاحت کی کہ مسئلہ نیند کا نہیں بلکہ سورج کی تیز روشنی کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی آنکھیں دھوپ کے لیے انتہائی حساس ہیں اور تیز روشنی میں ان کی آنکھوں کا رنگ بدلنے لگتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق کبھی ان کی آنکھیں نیلی، کبھی سبز، کبھی گہرے نیلے، کبھی سیاہ اور کبھی جامنی رنگ کی جھلک اختیار کر لیتی ہیں، اسی وجہ سے وہ دن کے وقت گاڑی چلانے سے حتیٰ الامکان گریز کرتی ہیں۔
فضا علی نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر بھی مزاحیہ انداز میں کہا کہ کچھ لوگ ان کی پوسٹس کو آسانی سے برداشت کر لیتے ہیں، جبکہ کچھ کو انہیں دیکھنے کے بعد دوا کھانی پڑتی ہے۔
اپنی نجی زندگی پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ سابق شوہر سے علیحدگی کے بعد انہوں نے خود کو سماجی سرگرمیوں سے تقریباً الگ کر لیا تھا۔ وہ نہ پارٹیوں میں جاتی تھیں اور نہ ہی تقریبات میں شرکت کرتی تھیں کیونکہ ان کی تمام توجہ اپنی بیٹی فرال کی بہتر تعلیم و تربیت اور مستقبل پر مرکوز تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی سب سے بڑی خواہش یہ تھی کہ ان کی بیٹی کی پرورش اچھے ماحول میں ہو اور مستقبل میں اس کی شادی ایک اچھے خاندان میں ہو، اسی مقصد کے لیے انہوں نے کئی ذاتی خواہشات اور سماجی مصروفیات کو پس پشت ڈال دیا۔
فضا علی نے مزید کہا کہ اب اعجاز خان سے شادی کے بعد ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور وہ دوبارہ معمول کی سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے لگی ہیں۔











