پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارا جوہری دفاع آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط ڈھال ہے
یوم تکبیر کے موقع پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عالمی دباؤ اور مخالفت کے باوجود جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی۔ یوم تکبیر پر جوہری پروگرام کی شکل میں ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے والے سائنسدانوں، انجینئرز، مسلح افواج اور دور اندیش سیاسی قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر صرف فخر کا دن نہیں بلکہ ہماری قوم کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ ہم اپنی خودمختاری، وقار اور مستقبل کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ یہ دن یاد دلاتا ہے کہ جب قوم متحد ہو تو وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا جوہری دفاع آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط ڈھال ہے۔ ہمیں کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ اس ایٹمی دفاع کے پیچھے کتنی جدوجہد اور قربانیاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ ایک مضبوط، خوددار اور محفوظ پاکستان کے لیے کھڑی رہی ہے اور کھڑی رہے گی۔ پیپلز پارٹی نہ صرف پاکستان کو عسکری طاقت بنانے میں بلکہ معیشت، جمہوریت اور سماجی انصاف کے محاذ پر بھی کھڑی رہی ہے اور رہے گی
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آئیے! ہم ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جو امن، ترقی اور عوام کی امیدوں کا حقیقی عکس ہو۔