حجاز مقدس میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا۔ لاکھوں عازمین آج کا دن منیٰ کی خیمہ بستی میں گزاریں گے۔
لاکھوں عازمین حج مکہ مکرمہ سے قافلوں کی صورت میں مرحلہ وار منی پہنچ گئے ہیں۔ ایام حج میں 8 ذی الحجہ کا دن یوم الترویہ کہا جاتا ہے۔ آج کا سارا دن حجاج منی میں ہی گزرایں گے جہاں وہ پانچ وقت کی نمازیں ادا کریں گے۔ منی میں سارا دن گزارنے کے بعد رات گئے میدان عرفات منتقل ہوں گے۔
انتظامیہ کی جانب سے حجاج کی نقل و حمل کو منظم رکھنے کےلیے مرحلہ وار منی منتقلی کا شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کا مقصد حجاج کی نقل وحرکت کو بہتر بنانا اورغیر ضروری ازدحام پر قابو رکھنا ہے۔
سعودی وزارت صحت نے عازمین حج کوپھر ہدایت کی ہے کہ براہ راست سورج کی گرمی سے بچیں، کوشش کریں کہ زیادہ دیر باہر نہ ٹہریں ، چھتری کا استعمال لازمی کریں۔ مشاعر مقدسہ میں ’ہیٹ اسٹروک‘ سے بچنے کے لیے پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہدایت میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث شدید سردرد، چکر آنا، زیادہ پسینہ ، شدید پیاس اور متلی کا احساس ہوتا ہے۔ اس صورت میں فوری طبی مداخلت ضروری ہوتی ہے۔