نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے میں بالادستی کے بھارتی دعوے ہوا میں اڑ گئے، بھارت میں پاکستان کی سفارتی کامیابی پر ماتم ہورہا ہے اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا پہلگام واقعے پر موقف پوری دنیا کے سامنے ہے ۔ ہم نے بھارت کو آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، کشیدگی کے دوران ہمارا جواب یہی تھا کہ بھارت پہل کرے گا تو پاکستان جواب دے گا۔ پاکستان نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا جواب دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں بالادستی کے بھارتی دعوے ہوا میں اڑ گئے، بھارت کا نیو نارمل ( نیا معمول) دفن ہوگیا، بھارت میں پاکستان کی سفارتی کامیابی پر ماتم ہورہا ہے اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کی جارہی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران سیاسی اختلاف اپنی جگہ پر قومی مفاد پر سب متحد تھے، بلاول بھٹوزرداری کی سربراہی میں وفدپاکستانی موقف اجاگر کرنے کے لیے بیرون ملک دورے پر ہے، پاکستانی وفد نیویارک کا دورہ مکمل کرکے واشنگٹن پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر پاکستان نے روس کو نظر انداز نہیں کیا، طارق فاطمی کی قیادت میں وفد روس گیا ہے جبکہ بلاول بھٹو کی زیرقیادت وفد 4 سابق وزرائے خارجہ اور 2 سابق خارجہ سیکریٹریز پر مشتمل ہے جو اقوام متحدہ میں ملاقاتیں مکمل کرچکا ہے۔