آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے لیے ورلڈ کپ سے قبل فٹنس، فارم اور فیصلوں کا دلچسپ امتزاج سامنے آ گیا ہے۔ ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز ایشز سیریز میں صرف ایک میچ کھیل سکے تھے، جبکہ جوش ہیزل ووڈ پورے سیریز سے باہر رہے، مگر اب دونوں کی واپسی کی امیدیں روشن ہو چکی ہیں۔
پیٹ کمنز کمر کی تکلیف سے بتدریج سنبھل رہے ہیں اور رواں ماہ کے آخر میں ایک اور اسکین کروائیں گے، جس کے بعد بھارت اور سری لنکا میں 7 فروری سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں ان کی دستیابی کا حتمی فیصلہ ہوگا۔ دوسری جانب جوش ہیزل ووڈ (ایکیلیز انجری) اور دھواں دار بلے باز ٹم ڈیوڈ (ہیم اسٹرنگ) بھی کم بیک ٹریل پر ہیں اور ورلڈ کپ کے لیے فٹ سمجھے جا رہے ہیں۔
چیف سلیکٹر جارج بیلی نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمنز، ہیزل ووڈ اور ٹم ڈیوڈ کی فٹنس تسلی بخش ہے اور انہیں ورلڈ کپ کے لیے دستیاب سمجھا جا رہا ہے، تاہم یہ ابتدائی اسکواڈ ہے اور ضرورت پڑی تو تبدیلی ممکن ہے۔
اسپن سازگار کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے آسٹریلیا نے بائیں ہاتھ کے اسپنرز میتھیو کنیمن اور کوپر کونولی کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے، جبکہ ایڈم زمپا اور گلین میکسویل بھی اسپن آپشنز میں موجود ہوں گے۔ حیران کن طور پر آسٹریلیا نے جوش انگلس کے لیے کسی بیک اپ وکٹ کیپر کو شامل نہیں کیا، جبکہ مچل اسٹارک کے ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کے بعد کوئی لیفٹ آرم فاسٹ بولر بھی اسکواڈ میں نہیں رکھا گیا۔
فاسٹ بولنگ یونٹ کی قیادت پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ کریں گے، جن کے ساتھ نیتھن ایلس، زیویئر بارٹلیٹ اور آل راؤنڈرز کیمرون گرین اور مارکس اسٹوئنس شامل ہیں۔
آسٹریلیا اپنے ورلڈ کپ مہم کا آغاز 11 فروری کو کولمبو میں آئرلینڈ کے خلاف کرے گا، جبکہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کے خلاف الگ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔









