پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ٹی 20 میں شکست دے کر پہلی بار ٹی 20 ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا ۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی گئی ٹی 20 سیریز کے تیسرے اور آخری مین میں پاکستان نے مسلسل تیسرا ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے صائم ایوب ، بابر اعظم کی نصف سنچریوں اور خواجہ نافع اور شاداب کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت 207 کا مجموعہ جوڑ دیا۔
جواب میں پوری آسٹریلوی ٹیم 96 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی ۔ اس طرح پاکستان نے آسٹریلیا کو پہلی مرتبہ ٹی 20 فارمیٹ میں وائت واش کردیا ۔۔۔
بابر اور صائم کی ففٹیاں
پاکستان کو اننگز کے آغاز پر ہی اُس وقت نقصان اُٹھانا پڑا جب 14 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان میتھیو شارٹ کی گیند پر کیمرون گرین کو کیچ تھما بیٹھے۔ فخر نے سات گیندوں پر 10 رنز بنائے۔
پاکستان کا اسکور 34 ہوا تو کپتان سلمان علی آغا تین گیندوں پر 5 رنز بنا کر بین دروشوئس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
پاور پلے میں دو وکٹیں گنوانے کے بعد اوپنر صائم ایوب نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر اسکور 103 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر صائم ایوب آؤٹ ہوئے انہوں نے 37 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 131 رنز پر گری جب خواجہ نافع دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 12 گیندوں میں 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد شاداب خان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر تیزی سے رنز بٹورنا شروع کردیئے
پاکستان کی پانچویں وکٹ 188 رنز پر گری جب شاداب خان نے پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔ محمد نواز پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم 36 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلوی بیٹرز ناکام
آسٹریلیا کا 208 رنز کے تعاقب میں آغاز اچھا نہ تھا۔۔پہلے ہی اوور میں وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور 17ویں اوور میں پوری ٹیم صرف 96 رنز پرہی آؤٹ ہوگئی۔
کیمرون گرین، مارنس اسٹوینس اور جوش فلپس کے علاوہ کوئی بھی بیٹر اپنا اسکور دہرے ہندسے میں نہ پہنچا سکا۔۔ تینوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 23، 23 اور 14 رنز بنائے۔۔









