اہم ترین

ہر تیسرا شہری ان پڑھ: پاکستان تعلیم کے میدان میں جنوبی ایشیا کا سب سے پست ملک

پاکستان میں شرحِ خواندگی ایک بار پھر تشویشناک حد تک کم ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس اور عالمی بینک کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی مجموعی شرحِ خواندگی صرف 63 فیصد ہے، جو پورے جنوبی ایشیا میں سب سے کم ہے۔

پاکستان سوشل اینڈ لیونگ اسٹینڈرڈز میژرمنٹ سروے کے مطابق اگرچہ گزشتہ چھ برسوں میں شرحِ خواندگی میں معمولی اضافہ ہوا ہے، تاہم پاکستان اب بھی علاقائی اوسط 78 فیصد سے کہیں پیچھے ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق مالدیپ 98 فیصد سے زائد شرحِ خواندگی کے ساتھ خطے میں سرفہرست ہے، جبکہ سری لنکا، بھارت اور بنگلا دیش بھی پاکستان سے کہیں آگے نکل چکے ہیں۔ نیپال اور بھوٹان جیسے چھوٹے ممالک بھی تعلیمی میدان میں پاکستان سے بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

ملک میں صنفی فرق بھی بدستور گہرا ہے، جہاں 73 فیصد مرد خواندہ ہیں جبکہ خواتین کی شرحِ خواندگی صرف 54 فیصد ہے۔ صوبائی سطح پر پنجاب نسبتاً بہتر جبکہ بلوچستان بدستور سب سے پیچھے ہے، جہاں نصف سے بھی کم آبادی پڑھنا لکھنا جانتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تعلیم میں یہ پسماندگی نہ صرف معاشی ترقی بلکہ اچھی حکمرانی اور جمہوری استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے، حالانکہ آئینِ پاکستان تعلیم کو بنیادی حق قرار دیتا ہے اور ریاست عالمی اہداف کی پابند ہے۔

پاکستان