اہم ترین

ایلون مسک کا نیا منصوبہ، اسٹارلنک فون لانے کا عندیہ

ٹیسلا، اسپیس ایکس، اسٹارلنک اور اے آئی اسٹارٹ اپ ایکس اےآئی کے بانی ایلون مسک اب اسمارٹ فون کی دنیا میں قدم رکھنے کا عندیہ دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف کے تبصرے کے جواب میں ایلون مسک نے کہا ہے کہ مستقبل میں ایک بالکل مختلف نوعیت کا فون متعارف کرایا جا سکتا ہے، جو موجودہ اینڈرائیڈ اور ایپل فونز سے کافی حد تک مختلف ہوگا۔

ایکس پر ایک صارف نے تبصرہ کیا تھا کہ میٹا اور اسپیس ایکس کو فون بنانا چاہیے، جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ وہ اسٹارلنک برانڈ کا فون دیکھنا چاہتے ہیں۔

اس پر ردعمل دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ ایسا مستقبل میں ممکن ہے اور یہ ڈیوائس موجودہ اسمارٹ فونز سے بالکل مختلف ہوگی۔ ان کے مطابق یہ فون خاص طور پر کم توانائی میں زیادہ کارکردگی دینے والے نیورل نیٹ ورکس چلانے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔

اسٹارلنک اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ بیسڈ انٹرنیٹ سروس ہے، اس وقت زمین کے نچلے مدار میں موجود سیکڑوں سیٹلائٹس کے ذریعے دنیا بھر میں، خاص طور پر دور دراز اور کم نیٹ ورک والے علاقوں میں، تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کر رہی ہے۔

ایسے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ مستقبل میں صارفین کو اسٹارلنک انٹرنیٹ کے ساتھ ایک مخصوص فون بھی دستیاب ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق سیٹلائٹ سے براہ راست منسلک اسمارٹ فون روایتی ٹیلی کام انفراسٹرکچر پر انحصار کم کر سکتا ہے اور ان علاقوں میں بھی رابطہ فراہم کر سکتا ہے جہاں عام موبائل نیٹ ورک ناکام ہو جاتے ہیں۔

ایلون مسک نے واضح کیا ہے کہ یہ فون روایتی اسمارٹ فونز جیسا نہیں ہوگا، جس میں جدید کیمرے، انٹرٹینمنٹ ایپس یا اسٹائلش ڈیزائن پر توجہ دی جاتی ہے۔ اس کے بجائے یہ ڈیوائس مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ ایفیشینسی پر مبنی ایک منفرد ٹیکنالوجی ہوگی۔

پاکستان