اہم ترین

ایپل کا نیا سنگِ میل، دنیا بھر میں 2.5 ارب ایکٹو ڈیوائسز

موبائل اوردیگر ٹیک ڈیوائسز بنانے والی دنیا کی سب سےبڑی کمپنیوں میں شامل ایپل نے ایک بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں اس کے تقریباً 2.5 ارب فعال ڈیوائسز استعمال ہو رہی ہیں، جن میں آئی فون کے علاوہ ایپل واچ، آئی پیڈ اور دیگر مصنوعات شامل ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں ایپل کے اسمارٹ فونز اور دیگر ڈیوائسز کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کُک کے مطابق گزشتہ سال کے آغاز میں کمپنی کے ایکٹو ڈیوائسز کی تعداد تقریباً 2.35 ارب تھی، جو اب بڑھ کر 2.5 ارب تک پہنچ گئی ہے۔ ان ڈیوائسز میں سب سے بڑا حصہ آئی فونز کا ہے۔

ٹم کُک کا کہنا ہے کہ ایپل کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ ایسا مضبوط ایکو سسٹم ہے، جس میں تمام مصنوعات آئی فون کے ساتھ باہم مربوط ہو کر کام کرتی ہیں۔

کمپنی کے موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے نتائج جاری کرتے ہوئے ٹم کُک نے بتایا کہ ایپل کا مجموعی ریونیو 143.8 ارب ڈالر رہا، جس میں سے 85.3 ارب ڈالر صرف آئی فون سے حاصل ہوئے۔ یہ آمدن گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں تقریباً 23 فیصد زیادہ ہے۔

سروسز کے شعبے سے ایپل کو پہلی سہ ماہی میں 30.01 ارب ڈالر کا ریکارڈ ریونیو حاصل ہوا، جبکہ میک لیپ ٹاپ رینج سے حاصل ہونے والی آمدن معمولی کمی کے بعد آٹھ ارب ڈالر سے کچھ زیادہ رہی۔ ایپل واچ سے کمپنی کو 11.49 ارب ڈالر کا ریونیو حاصل ہوا۔

ماہرین کے مطابق ایپل کی فروخت میں اضافے کی بڑی وجوہات میں ریٹیل نیٹ ورک کی توسیع اور نو کاسٹ ای ایم آئی جیسے آسان فنانسنگ آپشنز شامل ہیں۔

پاکستان