اہم ترین

بابر، شاہین اور شاداب اپنی اپنی ٹیموں میں برقرار، پی ایس ایل فرنچائزز کے اعلان

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں سیزن کے لیے 6 فرنچائزز نے اپنے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ ملتان سلطانز نے اپنی گزشتہ اسکواڈ سے کسی بھی کھلاڑی کو ریٹین نہیں کیا۔

پی سی بی کی ویب سائیٹ کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے علاوہ تمام فرنچائزز نے چار، چار کھلاڑی برقرار رکھے ہیں، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین کھلاڑیوں کو ریٹین کیا۔ دو نئی فرنچائزز، سیالکوٹ اسٹیلینز اور حیدرآباد، اپنی ریٹینشنز کا اعلان ہفتہ 7 فروری تک کریں گی۔

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے تین مرتبہ پی ایس ایل جیتنے والے واحد کپتان شاہین شاہ آفریدی کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے۔ جبکہ عبداللہ شفیق کو ڈائمنڈ، زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا کو گولڈ اورپی ایس ایل 10 کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی محمد نعیم کو سلور کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پراسرار اسپنر ابرار احمد کو پلاٹینم، عثمان طارق کو ڈائمنڈ، پی ایس ایل 10 کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ حسن نواز کو گولڈ اور بائیں ہاتھ کے بیٹر شمیل حسین کو ایمرجنگ کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے۔

پشاور زلمی نے پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے اور 100 میچز کھیلنے والے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو پلاٹینم کیٹیگری میں ریٹین کیا ہے۔ اس کے علاوہ سفیان مقیم (ڈائمنڈ)، عبدالصمد (گولڈ) اور علی رضا (ایمرجنگ) کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔

تین بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کپتان شاداب خان کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھتے ہوئے ان کے ساتھ نو سالہ سفر کو دہائی تک پہنچا دیا ہے۔ فاسٹ بولر سلمان ارشاد (گولڈ) اور امریکی وکٹ کیپر بیٹر اینڈریز گوس (سلور) دیگر ریٹین کھلاڑی ہیں۔

کراچی کنگز نے پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر حسن علی کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے۔ جبکہ محمد عباس آفریدی (ڈائمنڈ)، خوشدل شاہ (گولڈ) اور سعد بیگ (ایمرجنگ) بھی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔

دوسری جانب ملتان سلطانز نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی گزشتہ اسکواڈ سے کسی بھی کھلاڑی کو برقرار نہیں رکھا۔

پاکستان