بالی ووڈ سپر اسٹار سنی دیول اور اکشے کھنہ 29 سال بعد ایک ساتھ بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔۔
سنی دیول اور اکشے کھنہ پہلی بار 1997 میں ریلیز فلم بارڈر میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، اب ایک بار پھر شائقین کے لیے زبردست کورٹ روم ڈرامہ ’’اکّا‘‘ لے کر آ رہے ہیں۔ نیٹ فلکس نے فلم کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا ہے۔
ایک منٹ اور دو سیکنڈ پر مشتمل اس ٹیزر میں ایک بھرپور عدالت کا منظر دکھایا گیا ہے، جہاں سنی دیول ایک ماہر وکیل سکندر مہرا کے کردار میں نظر آتے ہیں۔ ٹیزر کے آغاز میں وہ اپنے مخالف کو کٹہرے میں گھیرنے کے لیے تیار دکھائی دیتے ہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ سنی دیول 33 سال بعد وکیل کے کردار میں واپس آ رہے ہیں، اس سے قبل وہ 1993 کی ایوارڈ یافتہ فلم دامنی میں وکیل بنے تھے۔
فلم میں اکشے کھنہ منفی کردار ادا کر رہے ہیں، جو ایک مبینہ ملزم کے طور پر سنی دیول کے سامنے کھڑے نظر آئیں گے۔ فلم کے حوالے سے میکرز نے کہا ہے کہ یہ کہانی ’’گناہگار جب تک بے گناہ ثابت نہ ہو‘‘ کے اصول کے گرد گھومتی ہے، جہاں قانون اور اخلاقیات کے درمیان ایک بڑا فیصلہ سامنے آئے گا۔
ہدایتکار سدھارتھ پی ملہوترا کی اس فلم میں دیا مرزا اور تلوتما شومے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ تاہم فلم کی ریلیز کی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی۔











