پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی بربریت اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، تاہم بھارتی مظالم کشمیری عوام کے ناقابلِ تسخیر حوصلے اور آزادی کی جائز جدوجہد کو کمزور کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب دنیا کی کوئی طاقت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کی منزل کے حصول سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے وژن کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آگے بڑھایا، جنہوں نے اپنے دورِ حکومت میں 5 فروری کو یومِ یکجہتیِ کشمیر قرار دیا تاکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر نئی جہت دی جا سکے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کا مقصد آزادی کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا بھی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کی مسلسل خاموشی کو جمہوری اقدار اور عملی رویّوں کے درمیان واضح خلیج قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بے حسی ترک کر کے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غیرمتزلزل عزم کے ساتھ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی آزادی، وقار اور انصاف کے حصول تک ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔











