آسٹریلوی حکومت ایک بڑے سفارتی تنازع کے بیچ گھِر گئی ہے، جب اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کے مجوزہ دورۂ آسٹریلیا کے دوران ان کی گرفتاری کے مطالبے پر حکومت نے واضح مؤقف اختیار کرنے سے گریز کردیا ہے۔
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کو آئندہ ہفتے چار روزہ دورے پر آسٹریلیا آنے کی دعوت دی گئی ہے، جہاں وہ بانڈی بیچ پر یہودی مذہبی تقریب کے دوران فائرنگ حملے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے اور یہودی برادری سے ملاقاتیں کریں گے۔
تاہم تنازع اس وقت بھڑک اٹھا جب اقوامِ متحدہ کی جانب سے قائم ایک تحقیقاتی کمیشن نے 2025 میں رپورٹ جاری کی، جس میں الزام لگایا گیا کہ اسحاق ہرزوگ نے ایسے بیانات دیے جو نسل کشی پر اکسانے کے مترادف ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے فلسطینی عوام کو اجتماعی طور پر 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔
اس رپورٹ کو اسرائیل نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے جھوٹا اور مسخ شدہ قرار دیا اور تحقیقاتی ادارے کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اس کے باوجود انسانی حقوق کے وکیل اور اقوامِ متحدہ کے کمیشن کے رکن کرس سیڈوٹی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر ہرزوگ آسٹریلیا آئیں تو انہیں گرفتار کیا جانا چاہیے۔
کرس سیڈوٹی نے وزیر اعظم انتھونی البانیزے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی صدر کو دعوت دینا ایک سنگین غلطی تھی اور یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے گرفتاری کے مطالبے پر کوئی براہِ راست جواب دینے کے بجائے کہا کہ یہ دورہ یہودی برادری کی خواہش پر طے پایا ہے اور اس کا مقصد بانڈی حملے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
ادھر فلسطین نواز تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسحاق ہرزوگ کے دورے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کریں گی، تاہم سڈنی پولیس نے بانڈی حملے کے بعد دیے گئے نئے اختیارات کے تحت مظاہروں کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
اسی تناظر میں آسٹریلوی وفاقی پولیس نے بتایا کہ ایک 19 سالہ نوجوان کو کسی غیر ملکی سربراہِ مملکت کے خلاف آن لائن قتل کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، اگرچہ پولیس نے یہ تصدیق نہیں کی کہ دھمکی کا ہدف ہرزوگ ہی تھے۔
ماہرین کے مطابق یہ معاملہ اب محض ایک سفارتی دورہ نہیں رہا، بلکہ انسانی حقوق، آزادیِ اظہار اور بین الاقوامی قانون کے گرد گھومتا ایک نیا سیاسی بحران بنتا جا رہا ہے، جس پر آنے والے دنوں میں آسٹریلوی حکومت کو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔










