اہم ترین

یوٹیوب کے سب سے بڑے اسٹار مسٹر بیسٹ کا نیا میدان: جین زی بینکنگ ایپ خرید لی

دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے نوجوان نسل کو ہدف بنانے والی ایک مالیاتی ایپ خرید لی ہے، جس کے ساتھ ہی ان کے کاروباری منصوبوں میں ایک اور بڑا اضافہ ہو گیا ہے۔

اے ایفپی کے مطابق جمی ڈونلڈسن یوٹیوب کی دنیا میں مسٹر بیسٹ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ انہیں فولوورز کے حساب سے دنیا کا سب سے بڑا یوٹیوبر مانا جاتا ہے۔

مسٹر بیسٹ کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد 450 ملین سے زائد ہے، جو انہیں دنیا کا سب سے بڑا یوٹیوبر بناتی ہے۔ ان کے ویڈیوز میں غیر معمولی مقابلے، بڑے انعامات اور فلاحی سرگرمیاں شامل ہوتی ہیں، جن پر اکثر لاکھوں ڈالر خرچ ہوتے ہیں۔ ان کے پروڈکشن سیٹ اپ میں تقریباً 300 افراد پر مشتمل ٹیم کام کرتی ہے۔

یوٹیوب کی اس بے پناہ کامیابی کو مسٹر بیسٹ نے دیگر شعبوں میں بھی پھیلایا ہے۔ وہ ایمیزون پرائم ویڈیو پر ایک ٹی وی گیم شو چلا چکے ہیں، جبکہ سعودی عرب میں بیسٹ لینڈ کے نام سے ایک عارضی تفریحی پارک بھی قائم کیا گیا۔ اس کے علاوہ ان کا اسنیکس برانڈ فیسٹ ایبل سالانہ کروڑوں ڈالرز کی مصنوعات فروخت کر رہا ہے، جو بعض اوقات ان کی یوٹیوب آمدن سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔

مسٹر بیسٹ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ ان کی کمپنی بیسٹ انڈسٹریز نے جین زی صارفین کے لیے بنائے گئے فنانشل سروسز پلیٹ فارم اسٹیپ کو خرید لیا ہے۔

جمی ڈونلڈسن نے اس موقع پر کہا کہ انہیں کبھی سرمایہ کاری، قرض ملنے یا دولت سنبھالنے کے بارے میں کوئی رہنمائی نہیں ملی۔ وہ چاہتے ہیں کہ آج کے نوجوانوں کو وہ مالی بنیاد فراہم کی جائے جو انہیں خود کبھی حاصل نہ ہو سکی۔

اگرچہ اسٹیپ کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کی سہولت دیتا ہے، تاہم یہ روایتی بینک نہیں بلکہ ایک مالیاتی پلیٹ فارم ہے، جسے ایوالو بینک اینڈ ٹرسٹ کی حمایت حاصل ہے۔

اسٹیپ کے سی ای او اور بانی سی جے میکڈونلڈ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس شراکت داری کو پلیٹ فارم کی ترقی اور صارفین کے لیے جدید مالیاتی مصنوعات متعارف کرانے کی جانب ایک بڑا قدم سمجھتے ہیں۔

پاکستان