بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے موجودہ مالی سال کے دوران جنوری کے مہینے میں پاکستان کو بھاری زرمبادلہ فراہم کرتے ہوئے تین ارب 50 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جنوری 2026 میں موصول ہونے والی ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر پندرہ فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ملکی معیشت کیلئے حوصلہ افزا پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
مرکزی بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے ابتدائی چھ مہینوں میں مجموعی ترسیلات زر کا حجم 23 اعشاریہ 2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں موصول ہونے والے 20 اعشاریہ 9 ارب ڈالر کے مقابلے میں 11 اعشاریہ 3 فیصد زیادہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق جنوری کے مہینے میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ رقوم وطن منتقل کیں، جہاں سے تقریباً 74 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔ متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر رہا جہاں سے قریب 70 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔
اسی طرح برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 57 کروڑ ڈالر جبکہ امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں نے تقریباً 30 کروڑ ڈالر پاکستان منتقل کیے۔
ماہرین کے مطابق ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور مجموعی معاشی استحکام کیلئے ایک مثبت علامت ہے۔











