سعودی عرب میں منعقدہ ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں پاکستان ایئر فورس کے دستے نے جدید فضائی صلاحیتوں کے ساتھ بھرپور شرکت کی، جہاں جدید لڑاکا اور تربیتی طیاروں کی نمائش کی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نمائش میں پاکستان ایئر فورس کا جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری ملٹی رول فائٹر جیٹ پیش کیا گیا ہے، جو جدید ایویانکس اور اے ای ایس اے ریڈار سے لیس ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ طیارہ بیونڈ وژول رینج صلاحیتوں کا حامل 4.5 جنریشن فائٹر ہے، جو جدید فضائی جنگی تقاضوں پر پورا اترتا ہے۔
نمائش میں پاکستان کا تیار کردہ سپر مشاق بنیادی تربیتی طیارہ بھی شامل ہے، جسے عالمی سطح پر پائلٹ ٹریننگ کے لیے ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد پلیٹ فارم تسلیم کیا جاتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق متعدد دوست ممالک سپر مشاق کو اپنے فضائی بیڑے میں پہلے ہی شامل کر چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق عالمی دفاعی نمائش میں شرکت پاکستان کی مقامی ایرو اسپیس صنعت کی صلاحیتوں کا مظہر ہے اور اس کا مقصد دفاعی برآمدات کے فروغ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
نمائش میں دنیا بھر سے آنے والے وفود اور دفاعی ماہرین کو باہمی تعاون، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔










