ایران پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں کو دو ہفتے مکمل ہو گئے ہیں، جن کے نتیجے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ایرانی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والی بمباری اور حملوں میں اب تک 1444 ایرانی شہری جاں بحق جبکہ 18 ہزار 551 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 200 خواتین اور 168 طالبات بھی شامل ہیں، جس سے عام شہریوں کے جانی نقصان کی سنگینی ظاہر ہوتی ہے۔
حکام کے مطابق حملوں کے دوران طبی شعبہ بھی متاثر ہوا ہے اور بمباری کے باعث 11 ہیلتھ ورکرز جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 ڈاکٹر، 2 نرسیں اور 3 ایمرجنسی ورکرز شامل ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق حملوں میں 55 طبی عملہ زخمی بھی ہوا ہے۔
خطے میں کشیدگی اس وقت بڑھی جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے مختلف فوجی اور اسٹریٹجک مقامات کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے، جس کے بعد ایران اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا۔ ماہرین کے مطابق اس تنازع کے باعث نہ صرف خطے کی سکیورٹی صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے بلکہ عالمی سطح پر توانائی اور تیل کی منڈیوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔










