اہم ترین

سرفراز احمد کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فاتح کپتان سرفراز احمد نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے تقریباً دو دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے اور مجموعی طور پر 6 ہزار 164 رنز اسکور کیے، جن میں 6 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

وکٹ کے پیچھے سرفراز احمد نے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز کیں، جبکہ کپتان کی حیثیت سے انہوں نے 100 بین الاقوامی میچز میں پاکستان کی قیادت کی۔ ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بنی اور ٹیم نے مسلسل 11 ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔

سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے 2017 میں انگلینڈ کے شہر اوول میں بھارت کو فائنل میں 180 رنز سے شکست دے کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی۔ اس کامیابی کے بعد وہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2006 اور چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتنے والے واحد پاکستانی کپتان بن گئے۔

ان کی قیادت کے دوران بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، امام الحق، فہیم اشرف، فخر زمان اور شاداب خان جیسے کھلاڑی بھی ابھر کر سامنے آئے۔

شاندار خدمات کے اعتراف میں سرفراز احمد کو 2018 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی (پرائیڈ آف پرفارمنس) سے بھی نوازا گیا تھا۔

اپنے بیان میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔ انہوں نے کہا کہ 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے سے لے کر 2017 میں چیمپئنز ٹرافی اٹھانے تک ہر لمحہ ان کے لیے یادگار رہا۔

سرفراز احمد نے 2007 میں ون ڈے کے ذریعے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا جبکہ انہوں نے آخری بین الاقوامی میچ 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں کھیلا۔

پاکستان