اہم ترین

صحت مند رہنے کے لیے 7 گھنٹے 19 منٹ کی نیند بہترین قرار

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ تقریباً ساڑھے سات گھنٹے نیند لینا جسم میں انسولین کی بہتر کارکردگی کے لیے سب سے موزوں ثابت ہو سکتا ہے، جو ذیابیطس کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

بی ایم جے اوپن ڈیابٹیس ریسرچ اینڈ کیورنامی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے لوگوں کی نیند کے دورانیے اور انسولین حساسیت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا ۔ انسولین حساسیت اس بات کا تعین کرتی ہے کہ جسم خون میں موجود شوگر کو کتنے مؤثر طریقے سے استعمال کر سکتا ہے۔

تحقیق کے لیے ماہرین نے نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایگزامینیشن سروے کے تقریباً 23 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔ اس دوران ہفتے کے دنوں میں نیند کے دورانیے اور جسم میں گلوکوز کے استعمال کی شرح کا موازنہ کیا گیا۔

نتائج کے مطابق تقریباً 7 گھنٹے 19 منٹ سے 7 گھنٹے 30 منٹ تک نیند لینے والوں میں انسولین حساسیت بہترین دیکھی گئی۔ اس سے کم نیند لینے والوں میں اگر وہ ویک اینڈ پر ایک سے دو گھنٹے اضافی نیند لے لیں تو اس سے بھی کچھ فائدہ دیکھا گیا۔

تاہم محققین نے خبردار کیا کہ دو گھنٹے سے زیادہ اضافی نیند لینے سے خون میں شوگر کے کنٹرول پر منفی اثر بھی پڑ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ تحقیق صرف تعلق ظاہر کرتی ہے اور یہ ثابت نہیں کرتی کہ کم یا زیادہ نیند براہِ راست انسولین مزاحمت یا ذیابیطس کا سبب بنتی ہے۔ اس کے باوجود محققین کا کہنا ہے کہ صحت کے لیے 7 سے 8 گھنٹے باقاعدہ اور متوازن نیند لینا بہتر حکمت عملی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق مناسب نیند نہ صرف میٹابولزم بلکہ خوراک کے انتخاب اور جسمانی سرگرمی پر بھی اثر ڈالتی ہے، اس لیے بہتر صحت کے لیے نیند، خوراک اور ورزش تینوں کو متوازن رکھنا ضروری ہے۔

پاکستان