پاکستان کی پائیدار اور جامع ترقی کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 2026 تا 2030 کی نئی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹیجی کا آغاز کر دیا ہے۔
بینک کی پانچ سالہ حکمت عملی کا مقصد ملک میں نجی شعبے کی ترقی، شمولیت اور پائیداری کو مضبوط بنانا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے پاکستان میں اچھی حکمرانی، ادارہ جاتی مضبوطی، صنفی مساوات اور ڈیجیٹل تبدیلی کی حمایت کی جائے گی۔
کنٹری ڈائریکٹر ایما فین کے مطابق، نئی سٹریٹجی پاکستان کے ساختی مسائل حل کرنے اور مضبوط و دیرپا ترقی کو فروغ دینے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اس سے ملک کے غریب اور کمزور طبقات کو بھی فائدہ ہوگا۔
حکمت عملی میں اہم شعبوں میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری، اصلاحات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اس سے معدنیات، ریلویز، توانائی اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری آئے گی۔
نئی حکمت عملی ضابطہ جاتی اور تعمیلی بوجھ کو کم کرے گی، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنائے گی اور مالی وسائل تک رسائی میں مدد فراہم کرے گی۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس کے ذریعے نجی شعبے کی سرگرمیاں بھی بڑھائی جائیں گی۔
بینک سرکاری اور نجی شعبے کے لیے جامع حل، فنانسنگ اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گا اور خواتین کی معاشی شرکت کو ترجیح دی جائے گی۔ مزید برآں، قدرتی آفات، موسمیاتی تبدیلی، سیلاب اور آبی وسائل کے مربوط انتظام کے لیے بھی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ زرعی ویلیو چینز اور غذائی تحفظ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔









