سوشل میڈیا کمپنی میٹاپلیٹ فارمز نے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے ایک نیا کریئیٹر فاسٹ ٹریک پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد دوسرے پلیٹ فارمز پر مقبول کریئیٹرز کو فیس بک پر لانا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ایسے افراد کو ہدف بنایا گیا ہے جن کے یوٹیوب، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر ایک لاکھ یا اس سے زیادہ فالوورز موجود ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس پروگرام میں شامل ہونے والے کریئیٹرز کو ابتدائی طور پر گارنٹیڈ ادائیگی دی جائے گی اور ساتھ ہی انہیں فیس بک کے مونیٹائزیشن ٹولز تک رسائی بھی حاصل ہوگی۔ مزید یہ کہ پلیٹ فارم ان کے کانٹینٹ کی رسائی (ریچ) بڑھانے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔
پروگرام میں شامل ہونے کے لیے کریئیٹرز کو 30 دن کے اندر کم از کم 15 اوریجنل ریلز اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔ یہ مواد نیا اور منفرد ہونا ضروری ہے، تاہم اسے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا جا سکتا ہے۔
آمدنی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جن کریئیٹرز کے دیگر پلیٹ فارمز پر ایک لاکھ فالوورز ہیں وہ ہرماہ لاکھوں کما سکتے ہیں۔ ابتدائی تین ماہ تک یہ ادائیگی گارنٹی کے طور پر دی جائے گی۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب فیس بک کو ٹک ٹاک اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
کمپنی کے سی ای او مارک زکربرگ نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ فیس بک کو دوبارہ اس کی پرانی مقبولیت کی طرف لے جانا چاہتے ہیں، جس کے لیے کریئیٹرز اور ذاتی مواد پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔











