پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔ سابق کپتان راشد لطیف نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے شاہین نہ صرف قیادت کے اہل نہیں بلکہ ٹیم میں جگہ کے بھی مستحق نہیں ہیں۔
راشـد لطیف نے شاہین آفریدی کو دوبارہ ٹی20 ٹیم کا کپتان بنانے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایسی کوئی بات کرنے کا جواز نہیں بنتا۔ ان کے مطابق شاہین کی حالیہ کارکردگی اس قابل نہیں کہ انہیں دوبارہ قیادت سونپی جائے۔
شاہین شاہ آفریدی کو ماضی میں ٹی20 ٹیم کی کپتانی دی گئی تھی، تاہم بعد میں انہیں ہٹا دیا گیا۔ اس وقت سلمان علی آغا ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، لیکن ٹیم کی مجموعی کارکردگی اب بھی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں شاہین آفریدی کی کارکردگی خاصی مایوس کن رہی، یہاں تک کہ انہیں ایک میچ میں باہر بھی بٹھا دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے بعد بنگلا دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی وہ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور تین میچز میں صرف چار وکٹیں حاصل کر پائے۔
اگرچہ سیریز کے آخری میچ میں انہوں نے 37 رنز کی اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت دکھائی، مگر وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ ماہرین کے مطابق پاور پلے میں وکٹیں نہ لینا ٹیم کے لیے بڑا نقصان ثابت ہو رہا ہے، جس پر شاہین کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔










