اہم ترین

آسٹریلیا کی سیاسی پناہ ٹھکرا کر واپس آنے والی ایرانی خواتین فٹ بالرز کا شاندار استقبال

ایران میں اسرائیل اور امریکا سے جنگی صورتحال کے دوران چند ماہ قبل آسٹریلیا میں سیاسی پناہ ٹھکراکر واپس آنے والی خواتین فٹبالرز کا شاندار استقبال کیا گیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق ایران کی خواتین فٹبال ٹیم کی 6کھلاڑیوں اور ایک اسٹاف ممبر نے اے ایف سی ویمنز ایشیا کپ کے دوران آسٹریلیا میں سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی۔ یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا جب ایران میں سخت گیر حلقوں کی جانب سے انہیں قومی ترانہ نہ پڑھنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

بعد ازاں ان میں سے پانچ کھلاڑیوں نے اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ٹیم کے ہمراہ ایران واپس آنے کا فیصلہ کیا، جس میں ٹیم کی کپتان زہرا غنباری بھی شامل تھیں۔

تہران کے ولی عصر اسکوائر میں ہزاروں افراد نے خواتین کھلاڑیوں کا استقبال کیا، جہاں قومی پرچم لہراتے ہوئے شہریوں نے کھلاڑیوں کا خیر مقدم کیا۔ ایک بڑے بینر پر نعرہ میرا انتخاب، میرا وطن درج تھا۔

ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑی اپنے وطن، پرچم اور قیادت سے وفادار ہیں۔

اسی موقع پر حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ پورا ایران آپ کا منتظر تھا، وطن واپسی پر خوش آمدید۔

انسانی حقوق کے کارکنوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایرانی حکام نے کھلاڑیوں کے اہل خانہ پر دباؤ ڈالا، حتیٰ کہ بعض والدین کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا۔

دوسری جانب تہران حکومت نے الزام لگایا کہ آسٹریلیا خواتین کھلاڑیوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کر رہا تھا۔

پاکستان