اہم ترین

اسرائیل فلسطینیوں پر منظم تشدد کر رہا ہے: اقوامِ متحدہ رپورٹ

اقوامِ متحدہ کی ایک ماہر نے اپنی تازہ رپورٹ میں اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف منظم تشدد کا استعمال کر رہا ہے، جو اجتماعی سزا اور تباہ کن ارادوں کی عکاسی کرتا ہے۔

اےایف پی کے مطابق اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورتحال پر نظر رکھتی ہیں۔

فرانسسکا البانیز نے کہا کہ 7 اکتوبر 2023 کے حملوں کے بعد سے فلسطینی قیدیوں کو شدید جسمانی اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حراستی نظام میں غیر معمولی پیمانے پر تشدد کیا جا رہا ہے، جس میں قیدیوں کے ساتھ سخت برتاؤ، بنیادی سہولیات سے محرومی اور ذہنی دباؤ شامل ہیں۔

فرانسسکا البانیز کا کہنا تھا کہ ہزاروں فلسطینی مرد، خواتین اور بچوں کو حراست میں لے کر ان کے ساتھ ایسا سلوک کیا جا رہا ہے جس کے اثرات طویل عرصے تک رہیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2023 کے بعد سے فلسطینیوں کی گرفتاریوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب تک 18 ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے، جن میں بڑی تعداد بچوں کی بھی شامل ہے۔ اندازاً 9 ہزار افراد اب بھی زیر حراست ہیں جبکہ ہزاروں افراد لاپتہ قرار دیے جا رہے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی ماہر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اقدامات کرے اور فلسطینیوں کے خلاف مبینہ تشدد کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

دوسری جانب اسرائیل نے ماضی میں ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے فرانسسکا البانیز پر جانبداری کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف تعصب پر مبنی مؤقف رکھتی ہیں۔

پاکستان