پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں شریک ٹیموں اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کرکٹ سے جڑی نمایاں شخصیات اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے شرکت کی۔
تقریب میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، سالک حسین اور علی پرویز ملک نے شرکت کی، جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔
تقریب میں پی ایس ایل فرنچائز مالکان، ٹیموں کے کپتان اور ہیڈ کوچز کے ساتھ ساتھ پاکستان قومی ٹیم کے کھلاڑی بھی شریک ہوئے۔ غیر ملکی کرکٹرز میں سکندر رضا، روی بوپارہ، تبریز شمسی، ٹم پین سمیت دیگر انٹرنیشنل پلیئرز کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
تقریب کے آغاز پر چئیرمین پی سی بی نے تمام مہمانوں، کھلاڑیوں اور آفیشلز کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کی گئی جبکہ لیگ کا آفیشل ترانہ بھی لانچ کیا گیا، جس نے تقریب کو مزید جوش و خروش سے بھر دیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود کیا گیا ہے۔ انہوں نے شائقین کرکٹ سے دلی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کا وسیع تر مفاد ہمیشہ اولین ترجیح ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل اب ایک بڑا بین الاقوامی برانڈ بن چکا ہے اور اسے مزید وسعت دینا ہمارا عزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی قربانی کل کی آسانی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔










