اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ کا تیسرا طبی پروسیجر کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پمز اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اہرینِ چشم نے جدید مائیکرو اسکوپی کی مدد سے آنکھ میں انجکشن لگانے کا عمل مکمل کیا۔ اس دوران تمام طبی پروٹوکولز اور احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حالت پروسیجر سے قبل، دورانِ عمل اور بعد میں بھی مکمل طور پر مستحکم رہی، جبکہ ان کی آنکھ کی حالت پہلے کے مقابلے میں بہتر ہو رہی ہے۔
پمز انتظامیہ کے مطابق انجکشن کے بعد بانی پی ٹی آئی کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ انہیں ضروری فالو اپ ہدایات اور طبی دستاویزات فراہم کی گئیں اورپھر انہیں اڈیالہ جیل منتقل کردیاگیا ۔
عمران خان اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ چند ماہ قبل ان کی آنکھ میں کچھ طبی پیچیدگیاں ہوئی تھیں۔ اسی وجہ سے ان کی ایک آنکھ کی بینائی بھی متاثر ہوئی تھی۔
ماہرین کے مطابق آنکھ کے اس نوعیت کے علاج میں بار بار انجکشن دینا ایک معمول کا حصہ ہوتا ہے، جس کا مقصد بینائی کو بہتر بنانا اور مزید پیچیدگیوں سے بچاؤ ہوتا ہے۔









