اہم ترین

علی بابا کی اے آئی کی دنیا میں بڑی چھلانگ ، تیز ترین پروسیسر چپ تیار کرنے کا دعویٰ

چینی ٹیکنالوجی کمپنی علی بابا نے اپنی نئی نسل کا طاقتور پروسیسر ژویان تائی سی 950 متعارف کرا دیا ہے، جسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ 5 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی 3.2 گیگا ہرٹز سرور چِپ ہے، جسے جدید آر آئی ایس سی-وی آرکیٹیکچر پر تیار کیا گیا ہے۔ علی بابا کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے تیز رفتار آر آئی ایس سی – وی پروسیسر ہے۔

رپورٹس کے مطابق نیا چِپ اپنے پچھلے ماڈل ژویان تائی سی 920 کے مقابلے میں تین گنا زیادہ تیز کام کرتا ہے، تاہم کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ اس چِپ کو کس فیکٹری میں تیار کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق آر آئی ایس سی – وی کی اوپن سورس خصوصیت چِپ ڈیزائنرز کو اپنی ضرورت کے مطابق تبدیلی کی اجازت دیتی ہے اور کم لاگت میں مخصوص اے آئی کاموں کو تیز بناتی ہے، جو خاص طور پر ایجنٹک اے آئی کی ترقی کے لیے اہم ہے۔

علی بابا اس وقت اپنے ذیلی ادارے ٹی ہیڈ کے ذریعے چِپ سازی میں تیزی لا رہا ہے، جہاں ژین وو 810 ای سیریز اے آئی ٹریننگ کے لیے جبکہ ژویان تائی سیریز کلاؤڈ سسٹمز اور جدید اے آئی ایپلی کیشنز کے لیے تیار کی جا رہی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کمپنی نے حال ہی میں اپنے نئے اے آئی پلیٹ فارم ووکونگ اور عالمی سطح کے لیے ایسیو ورک لانچ کیے ہیں، جو خودکار انداز میں کاروباری امور چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چین میں اے آئی کے میدان میں سخت مقابلے اور کم ہوتی قیمتوں کے باعث علی بابااپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے نئی ٹیکنالوجیز پر تیزی سے کام کر رہا ہے، تاکہ مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنا سکے۔

پاکستان