اہم ترین

منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف، حمزہ شہباز کی بریت کے خلاف درخواست خارج

لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز سمیت دیگر کی بریت کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی۔

چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے سماعت مکمل کی اور عدالت نے واضح کیا کہ درخواست دائر نہیں کی جا سکتی۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ وہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کے مطابق اپیل دائر کرنے کے اہل ہیں اور انہوں نے متعلقہ تحریری فیصلہ بھی پیش کیا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اس کیس میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے؟ وکیل نے جواب دیا کہ گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہیں کیے گئے اور بریت 2022 میں دی گئی تھی۔

وکیل عامر سعید راں نے کہا کہ قانونی کارروائی کے دوران جب کوئی کیس کا مواد دیکھتا ہے تو غیر قانونی اقدامات کا پتہ چلتا ہے، اور وہ عدالت کے سامنے پیش کرتے ہیں۔

درخواست گزار نے عدالت سے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو ٹرائل کے لیے طلب کیا جائے تاکہ قانونی کارروائی مکمل ہو سکے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ چار، پانچ سال بعد کسی بھی شخص کی طرف سے اپیل دائر کرنا ممکن نہیں۔ آپ سمجھتے ہیں کہ ہم کوئی نیا قانون بنا دیں؟

پاکستان