اہم ترین

پی ایس ایل 11 کے ٹکٹوں کی رقم واپسی کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے ٹکٹ ہولڈرز کے لیے رقم واپسی (ریفنڈ) پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آن لائن خریدے گئے تمام ٹکٹوں کی رقم خودکار طریقے سے اسی ادائیگی کے ذریعے واپس کر دی جائے گی جس کے ذریعے ٹکٹ خریدے گئے تھے۔ اس میں ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ کارڈ، جاز کیش اور ایزی پیسہ کے ذریعے کی گئی ادائیگیاں شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق ریفنڈ کا عمل 30 مارچ 2026 سے شروع ہوگا اور اسے 15 کاروباری دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا، تاہم متعلقہ بینک یا ادائیگی سروس فراہم کرنے والے اداروں کے باعث وقت میں معمولی فرق آ سکتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹکٹ ہولڈرز کو ریفنڈ حاصل کرنے کے لیے کسی قسم کی درخواست دینے کی ضرورت نہیں۔ اگر مقررہ وقت کے بعد بھی رقم واپس نہ ملے تو صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بینک یا متعلقہ ادائیگی پلیٹ فارم سے رابطہ کریں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ انتظامیہ نے شائقین کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں انہیں مزید سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا۔

پاکستان