لاہور: آصف علی نے واضح کیا ہے کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ پاکستان سپر لیگ سیزن 11 پر ہے اور وہ اسی ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر فوکس کیے ہوئے ہیں۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے بیٹر نے کہا کہ وہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق مختلف پوزیشنز پر کھیلنے کے لیے تیار رہتے ہیں اور جہاں بھی موقع ملے، اپنی ذمہ داری نبھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ میں تمام ٹیمیں مضبوط ہیں، اس لیے شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
لاہور قلندرز کے کھلاڑی نے ٹیم کے ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کا کلچر منفرد ہے اور اسے ایک خاندان کی طرح محسوس کیا جاتا ہے، جو دیگر ٹیموں سے مختلف ہے۔
آصف علی نے مزید کہا کہ وہ جب تک فٹ اور پرعزم ہیں، کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کرکٹ ٹیم کو کبھی ان کی ضرورت پڑی تو وہ دستیاب ہوں گے، تاہم فی الحال ان کی اولین ترجیح پی ایس ایل ہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی اور میدان میں بہترین کھیل پیش کیا جائے گا۔










