اہم ترین

حج 2026: پاکستانی عازمین کے لئے میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے عازمین کیلئے اہم اعلان کرتے ہوئے پاک حج ایپ پر میڈیکل فارم بھرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق تمام عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 27 مارچ تک طبی سوالنامہ مکمل کریں، بصورت دیگر انہیں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

عازمین کو اپنی صحت سے متعلق سوالات کے جواب ہاں یا ناں میں دینا ہوں گے۔ سوالنامے میں بلڈ پریشر، امراضِ قلب، شوگر (ذیابیطس)، دمہ، گٹھیا اور تھائیرائیڈ کے بارے میں معلومات دینا لازمی ہوگا۔

ترجمان کے مطابق یہ سوالنامہ عازمین کو بہتر اور مربوط طبی سہولیات فراہم کرنے میں مدد دے گا۔

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق پاک حج ایپ میں حج ویزہ پرنٹ کرنے کا لنک، حج پروازوں کا مکمل شیڈول اور مرحلہ وار نئی معلومات اور اپڈیٹس جیسے نئے فیچرز بھی شامل کر دیے گئے ہیں۔ عازمین تازہ ترین اعلانات کیلئے ایپ کو باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔

پاکستان