اہم ترین

بہن پر منی لانڈرنگ کا الزام: حمزہ علی عباسی کے اکاؤنٹس استعمال ہونے کا انکشاف

ایف آئی اے نے اداکار حمزہ علی عباسی کو بھی ان کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کیس میں شامل تفتیش کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حمزہ علی عباسی کی بڑی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف ایف آئی اے اس وقت متحرک ہوئی جب ان کے بینک اکاؤنٹس سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے شواہد سامنے آئے۔

ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے اپنے انکم ٹیکس گوشواروں میں سالانہ آمدنی 4 سے 6 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔ لیکن ان کے 22 بینک اکاؤنٹس میں 25 ارب کا لین دین ہوا ہے۔ جس پر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کو دوران تفتیش مزید شواہد ملے ہیں جن میں ڈاکٹر فضیلہ کے اداکار بھائی حمزہ علی عباسی اوروالدہ کے بینک اکاؤنٹس میں بھی گڑبڑ ملی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فضیلہ عباسی نے اپنی والدہ اور بھائی حمزہ علی عباسی کے مشترکہ بینک اکاؤنٹس کے ذریعے بڑی مالیت کی ٹرانزیکشنز کیں۔ مبینہ طور پر لاکھوں ڈالرز اور درہم بیرون ملک منتقل کیے گئے، جبکہ یہ رقوم متعلقہ اداروں کے علم میں بھی نہ آ سکیں۔

ملزمہ کی جانب سے صرف تین بینک اکاؤنٹس کے ٹیکس ریٹرنز جمع کروائے گئے، جن میں بھی بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ وہ بھاری رقوم کی منتقلی سے متعلق کوئی ٹھوس دستاویزی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

فضیلہ عباسی کی جانب سے پیش کی گئی دو لاکھ ڈالر کی رسیدیں بھی قابلِ قبول نہیں، کیونکہ وہ ذاتی اکاؤنٹس کے بجائے ڈرائیور اور دوستوں کے نام پر ظاہر کی گئی تھیں۔ مناسب شواہد نہ ہونے کے باعث ملزمہ کی وضاحت تسلیم نہیں کی جا سکتی۔

پاکستان