اہم ترین

پاکستان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوگیا: 1.2 ارب ڈالر ملنے کی راہ ہموار

پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی (ای ایف ایس) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلیٹی (آر ایس ایف) پروگرامز پر مذاکرات کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ای ایف ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط موصول ہوگی، جبکہ آر ایس ایف کے تحت 21 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ یوں مجموعی طور پر پاکستان کو تقریباً 1.2 ارب ڈالر حاصل ہوں گے، تاہم یہ رقم آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔

آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ای ایف ایف پروگرام کے اہداف پر مناسب حد تک عملدرآمد کیا ہے، اور ان دونوں پروگرامز کے تحت مجموعی ادائیگیاں بڑھ کر 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔

ادارے کے مطابق پاکستان کی معیشت میں استحکام کے آثار نمایاں ہیں، جہاں مہنگائی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں رہا ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

تاہم اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث معاشی خطرات بدستور موجود ہیں، خاص طور پر توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ پاکستان کی معیشت کو متاثر کر سکتا ہے۔

حکومت نے معاشی استحکام برقرار رکھنے، اصلاحات کے تسلسل اور کمزور طبقے کو مہنگی توانائی کے اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جبکہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ساختی اصلاحات پر بھی زور دیا گیا ہے۔

پاکستان