امریکی ریاست واشنگٹن نے کرپٹو بیسڈ آن لائن پلیٹ فارم کالشی کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے، جس پر مستقبل کے واقعات پر شرطیں لگانے کی سہولت فراہم کرنے کا الزام ہے۔
اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست واشنگٹن کے اٹارنی جنرل نک براؤن نے کہا ہے کہ یہ پلیٹ فارم خود کو پریڈکشن مارکیٹ (پیشگی سودوں کا پلیٹ فارم ) ظاہر کر کے حکومت اور صارفین کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ حقیقت میں یہ آن لائن جوئے کی ایک شکل ہے۔
کالشی صارفین کو مختلف عالمی واقعات کے نتائج پر شرط لگانے کی اجازت دیتا ہے، جن میں انتخابات اور کھیلوں کے مقابلے بھی شامل ہیں۔ تاہم اس وقت پلیٹ فارم پر ایران سے متعلق کئی مارکیٹس موجود ہیں، جہاں صارفین امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ جوہری معاہدے کی تاریخ یا رضا پہلوی کی ممکنہ ایران واپسی جیسے معاملات پر پیشگوئیاں کر رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ حریف پلیٹ فارم پولی مارکیٹ کے برعکس کالشی نے جنگی نوعیت کے براہِ راست نتائج، جیسے ممکنہ امریکی زمینی کارروائی کی تاریخ، پر شرط لگانے کی اجازت نہیں دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کا مقصد آن لائن بیٹنگ اور مالیاتی ضوابط کے حوالے سے واضح حدود کا تعین کرنا ہے، تاکہ صارفین کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔










