فرانس کے دارالحکومت پٌیرس میں ایک ممکنہ بم حملے کو ناکام بنا دیا گیا، جب پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو عین اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ ایک امریکی بینک کے باہر دھماکہ خیز مواد کو فعال کرنے والا تھا۔
اےایف پی کےمطابق پیرس کے پوش علاقے چیمپس ایلی سیس میں بینک آف امریکا کی عمارت کے باہر ایک مشتبہ شخص تقریباً 5 لیٹر آتش گیر مائع اور دھماکہ خیز مواد پر مشتمل ایک دیسی بم نصب کررہا تھا۔
پولیس نے ملزم کو اس وقت دبوچ لیا جب وہ لائٹر کی مدد سے بم کو آگ لگانے ہی والا تھا۔ بم میں تقریباً 650 گرام بارودی مواد بھی شامل تھا۔ ایک اور ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
حیران کن طور پر ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اسے اسنیپ چیٹ کے ذریعے اس حملے کے لیے بھرتی کیا گیا تھا اور اس کے بدلے اسے 600 یورو دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ ایک نامعلوم شخص اسے گاڑی میں موقع پر چھوڑ کر گیا تھا۔
فرانس کے انسداد دہشتگردی پراسیکیوٹر نے اس کیس کو اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور اسے دہشتگردی کی سازش قرار دیا جا رہا ہے۔ تحقیقات میں ملکی انٹیلی جنس ادارہ ڈی جی ایس آئی بھی شامل ہو چکا ہے۔
فرانس کے وزیر داخلہ لورینٹ نونیز نے پولیس کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ پر ہے۔










