اہم ترین

خوراک کے ضیاع میں کمی ہر سطح پر عملی ترجیح بنانا ہوگی: صدرِ مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ خوراک کے ضیاع میں کمی ہر سطح پر عملی ترجیح بنانا ہوگی۔

عالمی یومِ زیرو ویسٹ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اس سال خصوصی توجہ خوراک کے ضیاع پر مرکوز ہے، جو عام شہری کی روزمرہ زندگی سے براہِ راست تعلق رکھتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ منڈی تک پہنچنے سے پہلے خوراک کا خراب ہونا ایک بڑا چیلنج ہے، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ ناقص ذخیرہ کاری کے باعث فصلوں کو ہونے والا نقصان زرعی معیشت کے لیے سنگین مسئلہ ہے، اس لیے بہتر کولڈ چین اور جدید اسٹوریج سسٹمز کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بعد از برداشت نقصانات کم کیے بغیر غذائی تحفظ کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تقریبات میں بچ جانے والی خوراک کو ضائع کرنا وسائل کا ضیاع ہے، جبکہ یہی خوراک مستحق افراد تک پہنچا کر معاشرتی بہتری میں کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق خوراک کا ضیاع دراصل پانی، زمین اور توانائی جیسے قیمتی وسائل کا بھی نقصان ہے۔

صدر مملکت نے خبردار کیا کہ لینڈفل میں جانے والی خوراک ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتی ہے اور اس کا براہِ راست تعلق موسمیاتی تبدیلی سے بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول پر دباؤ کم کرنے کے لیے خوراک کا ذمہ دارانہ استعمال ضروری ہے۔

انہوں نے سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے عملی مثال قائم کریں، جبکہ کاروباری اداروں کو ذمہ دارانہ ترسیل اور بہتر منصوبہ بندی اپنانا ہوگی۔ ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گھریلو سطح پر محتاط خریداری اور درست ذخیرہ کاری کو فروغ دیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خوراک کے ضیاع میں کمی ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، اور وسائل کے بہتر استعمال سے نہ صرف غذائی تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ ماحول کا تحفظ بھی ممکن ہے۔

پاکستان