آسٹریلیا میں گرینز پارٹی کے سینیٹر ڈیوڈ شوبرج نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے متحدہ عرب امارات میں فوجی تعیناتی کے حوالے سے اپنے ہی مقرر کردہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔
الجزیرہ کے مطابق سینیٹر ڈیوڈ شوبریج نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں فوجی تعینات کرنے سے قبل حکومت پر لازم تھا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو بریفنگ دیتی، جس میں مشن کے مقاصد، جاری کردہ احکامات، قانونی بنیاد اور اس پر بحث کے لیے ایک مکمل دن مختص کیا جاتا۔ تاہم اب تک حکومت نے نہ تو اس تعیناتی سے متعلق کوئی غیر خفیہ بیان پیش کیا ہے اور نہ ہی اس کی قانونی حیثیت واضح کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ آسٹریلوی سینیٹ میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بحث ہوئی، لیکن اس کے لیے صرف 60 منٹ کا محدود وقت دیا گیا، جو اس اہم معاملے کے لیے ناکافی ہے۔
سینیٹر ڈیوڈ شوبریج نے لیبر حکومت پر امریکا اور اسرائیل کی غیر ذمہ دارانہ حمایت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ایک غیر قانونی اور نقصان دہ جنگ کا حصہ ہے۔ ان کے بقول مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے اثرات آسٹریلیا تک محسوس ہو رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسے فیصلوں پر عوامی نگرانی اور شفافیت نہایت ضروری ہے۔









