وزیراعظم شہباز شریف کا ہنگامی معاشی لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم

وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ہنگامی معاشی لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کو ممکنہ مالیاتی اور معاشی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کو موجودہ عالمی حالات کے باعث اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم الحمدللہ پاکستان اس چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹ رہا ہے”۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات کیے گئے ہیں، جو قابل تعریف ہیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نہ صرف اپنی ضروریات پوری کر رہا ہے بلکہ خوراک کی وافر مقدار برآمد کرنے کے لیے بھی حکمت عملی پر کامیابی سے عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے پرعزم ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے نمٹنے کے لیے درمیانی اور طویل مدتی پالیسی تیار کی جائے۔ تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی تعاون سے ایسی حکمت عملی بنائیں جو معیشت کے تمام شعبوں کو مستحکم کرے۔ پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث برآمدات اور مجموعی قومی پیداوار پر اثرات کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کیے جائیں

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ موجودہ عالمی صورتحال کے تناظر میں زراعت اور صنعت کے شعبوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے دستیاب وسائل کو بھرپور استعمال میں لایا جائے۔