اہم ترین

یو اے ای کے 2 ارب ڈالر قرض کی واپسی: پاکستان کا موقف آگیا

پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے اسٹیٹ بینک میں رکھوائے 2 ارب ڈالر کے مالی ذخائر سے متعلق گردش کرنے والے تبصروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ دعوے بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یو اے ای کی جانب سے اسٹیٹ بینک میں رکھے گئے مالی ذخائر دراصل دو طرفہ تجارتی اور مالیاتی معاہدوں کا حصہ تھے، جنہیں طے شدہ شرائط کے مطابق مدت مکمل ہونے پر واپس کیا جا رہا ہے۔

بیان میں زور دیا گیا کہ ذخائر کی واپسی ایک معمول کی مالیاتی کارروائی ہے اور اسے کسی منفی تناظر میں پیش کرنا عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔

دفترِ خارجہ نے کہا کہ یو اے ای کے مالی ذخائر پاکستان کی معیشت کے لیے مضبوط حمایت اور اعتماد کا مظہر رہے ہیں۔ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات قائم ہیں، جو تجارت، سرمایہ کاری، اور دفاع سمیت مختلف شعبوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام شیخ زیدبنسلمان الہنیان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جنہوں نے پاک-امارات دوستی کی بنیاد مضبوط کی۔

حکومتِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ یو اے ای کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔

پاکستان