حکومت پاکستان کی جانب سے ہیوی ٹریفک کو پیٹرولیم سبسڈی کی فراہمی کے لئے پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کا پلیٹ فارم اور ڈیجیٹل بینک ایزی پیسہ بھی موثر انداز میں تعاون کررہا ہے۔
پیٹرولیم سبسڈی کی ڈیجیٹل تقسیم میں ایزی پیسہ کے پلیٹ فارم سے ابتدائی مرحلے میں ٹرک ڈرائیورز کو ادائیگیاں کی گئی ہیں، جبکہ آئندہ مراحل میں ٹینکرز، بسوں اور موٹر سائیکل سواروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اب تک 32 ہزار سے زائد افراد میں تقریباً 1.2 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں، جن میں بسوں، ٹرکوں اور ڈلیوری وینز کے آپریٹرز شامل ہیں۔
اپنے وسیع ڈیجیٹل پیمنٹس نظام اور ایجنٹ نیٹ ورک کے ذریعے ایزی پیسہ نے اس عمل کو نہایت آسان بنا دیا ہے، جس سے مستحقین کو لمبی قطاروں یا پیچیدہ طریقہ کار کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ موبائل والٹ کے ذریعے رقم براہِ راست اور فوری طور پر منتقل کی جا رہی ہے، جس سے مالی شمولیت کو فروغ مل رہا ہے اور نقدی پر انحصار کم ہو رہا ہے۔
ایزی پیسہ کے صدر و سی ای او جہانزیب خان کے مطابق، حکومت کے ساتھ یہ شراکت داری بروقت مالی امداد کی فراہمی اور عوام کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شازہ فاطمہ خواجہ نے بھی ڈیجیٹل ادائیگیوں کو شفاف اور مؤثر نظام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
ملک بھر میں 59 ملین سے زائد صارفین اور ملک بھر میں پھیلے ایجنٹ نیٹ ورک کے ساتھ، ایزی پیسہ مالی شمولیت کو فروغ دینے اور حکومتی امداد کی مؤثر ترسیل میں ایک قابلِ اعتماد پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آیا ہے۔











