اہم ترین

پاکستان کی کوششوں سےامریکا اور ایران دو ہفتے کے لیے جنگ بندی پر رضا مند

امریکا اور ایران دو ہفتے کے لیے جنگ بندی کی پاکستانی تجویز پر رضا مند ہو گئے ہیں جب کہ اس دوران اسرائیل بھی ایران کے خلاف کارروائی نہیں کرے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں تمام فریقین سے دو ہفتوں کے لیے ہر جگہ جنگ بندی کی اپیل کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ سفارت کاری کو اپنا راستہ مکمل کرنے دینے کے لیے، میں صدر ٹرمپ سے مخلصانہ درخواست کرتا ہوں کہ وہ ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کریں۔

وزیراعظم نے ایران سےبھی درخواست کہ وہ نیک نیتی دکھاتے ہوئے دو ہفتوں کے لیے آبنائے ہرمز کو کھول دیں۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر شدید حملوں کی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے صرف ڈیڑھ گنٹہ پہلے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹروتھ سوشل پر دو ہفتے کی مشروط جنگ بندی کا اعلان کیا۔

دوسری طرف اسرائیل نے امریکی صدر ٹرمپ کے ایران کے خلاف دو ہفتوں کے لیے حملوں کو معطل کرنے کے مشروط فیصلے کی حمایت کردی ہے، تاہم اسرائیل نے لبنان پر حزب اللہ کے خلاف جاری کارروائیاں روکنے سے انکار کردیا ہے۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق امریکہ جن نکات پر مذاکرات کر رہا ہے وہ ایران کے پیش کردہ 10 نکاتی منصوبے کا حصہ ہیں۔ ان نکات میں خطے میں جاری جنگوں کا خاتمہ اور ایران کے لیے اہم سیاسی و اقتصادی ضمانتیں شامل ہیں۔

پاکستان