اہم ترین

ایران اور امریکا مذاکرات کی میزبانی کی تیاریاں شروع کر دیں: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ‏اسلام آباد میں ایران اور امریکا مذاکرات کی میزبانی کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کے دوران ‏وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم ہو رہی ہے اور مذاکرات کا عمل شروع ہو چکا ہے، امید ہے خطے میں استحکام اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، پاکستان کو با اعتماد ثالث کے طور پر خطے اور پوری دنیا میں تسلیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں عزت دی ہے، سول اور عسکری قیادت پر مشتمل ہائبرڈ ماڈل نے دو تین سال میں بے پناہ کامیابیاں سمیٹیں، اس کامیابی سے ثابت ہوتا ہے طاقت کے مراکز مل کر کام کریں تو پاکستان عالمی سطح پر کتنی کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔ عرب ممالک، ایران اور امریکا سمیت دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں ۔

بھارتی وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ‏مودی فارغ ہو گئے ، سوشل میڈیا پر کارٹون چل رہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں نریندرا مودی میز پر شرکا کو چائے پیش کر رہے ہیں۔اب ہمیں داخلی محاذ، معیشت اور دہشت گردی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان