یورپی ملک فرانس میں کرکٹ ایک نئے تنازعے کی زد میں آ گئی ہے، جہاں سابق گورننگ باڈی فرانس کرکٹ نے سرکاری منظوری ختم ہونے کے باوجود ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم اتار دی۔ یہ ٹورنامنٹ پرتگال میں جاری ہے اور اسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں رکنیت حاصل ہے۔
فرانسیسی وزارتِ کھیل نے واضح کیا ہے کہ یکم جنوری 2026 سے فرانس کرکٹ کی قانونی حیثیت ختم ہو چکی ہے، اور اب اسے “قومی ٹیم” کے نام سے کھیلنے یا کسی بھی سرکاری مقابلے کے انعقاد کی اجازت نہیں۔
فرانس الیون — نام بدلا، حقیقت نہیں؟
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیم نے خود کو فرانس الیون کے نام سے پیش کیا، مگر ان کی کٹس پر واضح طور پر فرانس لکھا ہوا تھا، ساتھ ہی قومی پرچم اور روایتی لوگو بھی موجود تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ محض نام بدلنے کا کھیل ہے، حقیقت میں ٹیم خود کو قومی ٹیم کے طور پر ہی پیش کر رہی ہے۔
قانونی ماہرین نے اس اقدام کو انتہائی قانونی خطرہ قرار دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ بغیر اجازت قومی ٹیم کا نام استعمال کرنے 7500 یورو جرمانہ ہو سکتا ہے، منتظمین کو فوجداری اور دیوانی مقدمات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ کھلاڑیوں کو انشورنس سہولت حاصل نہیں ۔ اور کسی حادثے کی صورت میں بڑا بحران ہوسکتا ہے۔
فرانسیسی قانون دانوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف قانون شکنی ہے بلکہ ادارے کو دیوالیہ بھی کر سکتا ہے۔
فرانس کرکٹ کو 2026-27 کے لیے آئی سی سی کی جانب سے تقریباً 560000 امریکی ڈاللرز کی فنڈنگ متوقع ہے۔ لیکن موجودہ تنازع اس فنڈنگ کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
اس کے علاوہ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پوزیشن گرنے سے مالی بونس بھی کم ہو رہا ہے۔ٹیم پہلے 52ویں نمبر پر تھی، مگر حالیہ شکستوں کے بعد مزید نیچے آ گئی۔
یہ ٹیم 2028 کے آئی سی سی T20 ورلڈ کپ کے یورپی کوالیفائرز میں بھی شرکت کی امید رکھتی ہے۔ لیکن موجودہ صورتحال میں ان کا مستقبل غیر یقینی دکھائی دیتا ہے۔
اس وقت فرانس میں کرکٹ کا کوئی سرکاری گورننگ ادارہ موجود نہیں۔ متبادل ادارے میدان میں آنے سے ہچکچا رہے ہیں۔ مقامی کلبز فنڈنگ کے بحران کا شکار ہو سکتے ہیں۔
فرانس کرکٹ کا یہ اقدام ایک جرات مندانہ قدم بھی ہو سکتا ہے اور ایک بڑی قانونی غلطی بھی۔ ایک طرف عالمی سطح پر اپنی موجودگی برقرار رکھنے کی کوشش، تو دوسری جانب قوانین کی کھلی خلاف ورزی۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا آئی سی سی اس ٹیم کو تسلیم رکھے گا؟۔ کیا فرانس کی حکومت سخت کارروائی کرے گی؟اور کیا یہ ٹیم واقعی فرانس کی نمائندگی کرتی ہے؟










