بالی وڈ کے سلطان سلمان خان ان دنوں اپنے مستقبل کے پروجیکٹس ماتربھومی اور دل راجو کی وجہ سے مصروف ہیں، لیکن ان کے مداحوں کے لیے سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ وہ اسی ہفتے سینما گھروں میں دستک دے رہے ہیں۔
سال 1991 کی بلاک بسٹر فلم ‘صنم بے وفا’، جس نے اس دور میں صرف 90 لاکھ کے بجٹ میں 14 کروڑ سے زائد کا بزنس کر کے سب کو حیران کر دیا تھا، اب بھارتی سینما گھروں کی دوبارہ زینت بننے جا رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ واحد فلم ہے جس میں سلمان خان کے کردار کا نام بھی سلمان ہی تھا۔
سلمان خان کی اس کلاسک فلم کا مقابلہ اس بار نئی فلموں سے ہونے جا رہا ہے۔ اس مرتبہ مرنال ٹھاکر کی فلم ‘ڈکیت’ کے سامنے ‘صنم بے وفا’ کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ جب کہ اکشے کمار کی فلم بھوت بنگلہ کی تاریخ آگے بڑھنے کی وجہ سے سلمان خان کی اس فلم کے لیے کافی جگہ بن گئی ہے، جس کا فائدہ اٹھانے کے لیے میکرز نے کمر کس لی ہے۔
جہاں ایک طرف پرانی فلموں کی ری-ریلیز کا ٹرینڈ چل رہا ہے، وہیں سلمان خان کے نئے پروجیکٹس کا بھی بے صبری سے انتظار ہے۔ ان کی فلم ‘ماتربھومی’ (ہدایت کار: اپوروا لاکھیا) کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ وامشی پیڈی پلی کے ساتھ ان کی اگلی فلم پر کام جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔
بالی وڈ کے پنڈتوں کا ماننا ہے کہ ‘تیرے نام’ اور ‘صنم تیری قسم’ جیسی فلموں کی دوبارہ ریلیز کی کامیابی کے بعد، اب ‘صنم بے وفا’ بھی باکس آفس پر نئے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔










