اہم ترین

اسکول میں تین بار فیل ہوا: اکشے کمار کا انکشاف

بالی وڈ میں اپنی فٹنس اور نظم و ضبط کے لیے مشہور سپراسٹار اکشے کمار نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ وہ اسکول کے زمانے میں ایک اوسط درجے کے طالب علم تھے اور تین مرتبہ فیل بھی ہوئے تھے۔

اکشے کمار ان دنوں بھارتی ٹی وی چینل میں وہیل آف فارچیون نامی کوئز رئیلٹی شو کی میزبانی کر رہے ہیں۔ شو کی ایک حالیہ قسط کے دوران اکشے نے سامعین میں بیٹھے اپنے بچپن کے بہترین دوست جنیش سے سب کا تعارف کرایا۔

اکشے کمار نے بتایا کہ وہ اور جنیش کنڈرگارٹن سے نویں جماعت تک ایک ساتھ رہے اور اس دوران وہ تین بار فیل بھی ہوئے۔

شو کے دوران اکشے نے مذاق میں اپنے دوست سے پوچھا، تم اسکول میں اتنی بار فیل کیوں ہوتے تھے؟ جس پر جنیش نے فوراً جواب دیا کہ کیونکہ میں اپنا سارا وقت تمہارے ساتھ گزارتا تھا، اس لیے فیل ہوتا تھا۔

بات یہاں ختم نہیں ہوئی، اکشے کمار نے چٹخارے لیتے ہوئے بتایا کہ جنیش کا بچپن کا مشغلہ سائیکل پر گھوم کر لڑکیوں کو دیکھنا تھا، جس پر جنیش نے برجستہ حاضرین سے سوال کیا، آپ کو کیا لگتا ہے، میں دیکھتا تھا یا یہ (اکشے) دیکھتے تھے؟ اس جملے پر پورا ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔

اداکاری اور میزبانی کے ساتھ ساتھ اکشے کمار اپنی اگلی بڑی فلم ‘بھوت بنگلہ’ کی تشہیر میں بھی مصروف ہیں، جس کی ہدایت کاری معروف ڈائریکٹر پریادرشن نے کی ہے۔

رواں ماہ (17 اپریل) کو ریلیز ہونے والی اس فلم میں اکشے کے ساتھ وامیکا گبی، تبو، راجپال یادو، پریش راول اور راجیش شرما نظر آئیں گے۔

پاکستان