اہم ترین

ٹماٹر، آلو، پیاز سب کی قیمتیں اوپر: مہنگائی کی شرح 12فیصد سے بھی بڑھ گئی

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ نے عوام کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح ڈبل ڈیجٹ میں داخل ہو کر 12.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 1.93 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس نے عام شہری کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں ڈیزل کی قیمت میں 54.7 فیصد جبکہ پیٹرول 17.8 فیصد تک مہنگا ہو گیا۔

اشیائے خوردونوش بھی اس مہنگائی کی لہر سے محفوظ نہ رہ سکیں۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر 9.3 فیصد، ایل پی جی 8.6 فیصد اور آلو 4.1 فیصد مہنگے ہو گئے۔ اسی طرح پیاز 3.8 فیصد، انڈے 3.7 فیصد اور گوشت کی قیمت میں بھی ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب چند اشیاء کی قیمتوں میں معمولی کمی بھی دیکھی گئی، جن میں لہسن 3.8 فیصد، کیلا 3.4 فیصد اور مرغی ایک فیصد سستی ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 8 اشیاء سستی ہوئیں اور 15 کی قیمتوں میں استحکام برقرار رہا۔

ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی بڑی وجہ بن رہا ہے، جس کے اثرات براہ راست عوام کی روزمرہ زندگی اور کچن کے اخراجات پر پڑ رہے ہیں۔

پاکستان